آؤ بھریں نفرت کے گھاؤ

minar-e-pakistanپھر سے سارے ایک ہوجاؤ یومِ پاکستان مناؤ
آؤ بھریں نفرت کے گھاؤ یومِ پاکستان مناؤ

یاد کرو اُنّیس سو چالیس ایک ہوئے تھے سارے جب
آزادی کی راہ میں یکسُو پاک زمیں کے تارے سب
ایک ہی جانب بہتے تھے ہر ایک زباں کے دھارے تب
جیت مقدّر تھی اپنی ہرگام پہ تب ہم ہارے کب
نفرت کی دیواریں ڈھاکر چاہت کی بستی میں آؤ

پھر سے سارے ایک ہوجاؤ یومِ پاکستان مناؤ

کچھ مانو نہ مانو لیکن سچّائی تسلیم کرو
سب کی رائے اہم ہوتی ہے ہر اِک کی تعظیم کرو
چھوٹی چھوٹی باتوں پر یوں خود کو مت تقسیم کرو
مت بھولو اکھتّرکو ہر صوبے کی تکریم کرو
آج بھی رِستا رہتا ہے دو لخت ہونے کا کاری گھاؤ

پھر سے سارے ایک ہوجاؤ یومِ پاکستان مناؤ

سازش وازش ٹھیک مگر ہم خود بھی اپنے ساتھ نہیں
اِک رستے کے راہی ہیں ہم پر ہاتھوں میں ہاتھ نہیں
دیس ہمارا گھر ہے بھائی رستہ یا فُٹ پاتھ نہیں
پاکستانی ہیں ہم صفدؔر ، جسونت، پِیٹر ، ناتھ نہیں
اپنے اپنے رنگ بھلادو بس پاکستانی کہلاؤ

آؤ بھریں نفرت کے گھاؤ یومِ پاکستان مناؤ

فیس بک تبصرے

Leave a Reply