منور حسن صاحب کا سوال

syed-munwar-hassanمنور حسن صاحب نے ایک سیدھا سا سوال اٹھایا تھا کہ ’’ امریکی فوجی مرے تو وہ جہنم واصل ہوجائے اور جو اس کا ساتھ دے اس کو میں کیا کہوں ؟ یہاں میرے سامنے بھی ایک سوالیہ نشان کھڑا ہوجاتا ہے۔‘‘ یہ بات انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہی تھی۔ اس میں کہیں بھی یہ نہیں کہا گیا ہے کہ فوج کا جوان شہید نہیں ہے یا انہوں نے کوئی فیصلہ سنا دیا۔ دراصل یہ تو ہر صاحب فکر کے سوچنے کی بات ہے۔

 

جماعت اسلامی اس وقت الزامات کی زد میں ہے۔ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے سلیم صافی کے ایک پروگرام میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ایک اور سوال اٹھایا تھا اور اس سوال کے یار لوگوں نے سید صاحب کا فتویٰ یا فیصلہ بنا کر چائے کی پیالی میں طوفان اٹھانے کی ناکام کوشش کی ہے۔ الحمد اللہ یہ طوفان تو وقت کے ساتھ ساتھ تھم ہی جائے گا۔ البتہ افسوس ہوتا ہے ان لوگوں کی ذہینت پر جو کہ خود کو روشن خیال، لبرل، اور اظہار آزادی رائے کے علمبردار کہتے ہیں لیکن یہاں ان کے سارے نام نہاد فلسفے دھرے رہ گئے اور ہر جانب سے تنگ نظری، جنونیت کے مظاہرے کیے جارہے ہیں۔ کہاں تو آزادی رائے کو اتنی اہمیت دی جاتی ہے کہ ناموس رسالت ؐ تک پر بات کرلی جاتی ہے، انبیاء کرام کی شان میں گستاخی روا، دین کے احکامات پر اعتراضات اٹھانا بجا،گستاخانہ خاکوں کو تک کو نہ صرف برداشت کیا جاتا ہے بلکہ دوسروں کو بھی یہی درس دیا جاتا ہے کہ میاں دقیانوسیت چھوڑو اور اظہارِ رائے کی آزادی کا احترام کرو۔ خود یہ سیکولر لبرل طبقہ اپنے لیے ہر بات کو جائز اور روا سمجھتا ہے۔ لیکن منور حسن صاحب کا ایک سوال اٹھانا ان کو ناگوار گزر گیا۔ ایمانداری کی بات ہے کہ فوج سے مخلص اور وفادار تو یہ لو گ بالکل بھی نہیں ہیں ہاں چونکہ اس وقت معاملہ جماعت اسلامی اور منور حسن صاحب کا ہے اس لیے سارے شور مچا رہے ہیں یعنی یہ معاملہ حبِ علیؓ کا نہیں بلکہ بغض معاویہؓ والا ہے۔

 

اس ملک میں فوج کے جوانوں کو کراچی اور کوئٹہ میں سیکولر جماعتوں کے مسلح جتھوں نے قتل کیا، پاک فوج کو پنجاب فوج اور ناپاک فوج کہا گیا، یہی سیکولر طبقہ ضیاء الحق پر تنقید کرتے ہوئے فوج کو کیا کیا نہیں کہہ چکا ہے لیکن اس وقت سارے معصوم بنے ہوئے ہیں۔ جو لوگ اس موضوع کو لیکر جماعت اسلامی پر تنقید کررہے ہیں ان سے کچھ سوال پوچھنا چاہوں گا۔ امید ہے کہ وہ ٹھنڈے دل سے ان پر غور کریں گے اور جواب دیں گے، ایم کیو ایم نے جماعت اسلامی پر پابندی لگانی کی ناکام کوشش کی پہلا سوال ان سے ہے۔ نوے کی دہائی میں فوجی آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے جو آرمی اور پولیس کے ہاتھوں مارے گئے کیا وہ شہید ہیں ؟ اگر آپ کہتے ہیں کہ وہ شہید ہیں تو پھر ان کو شہادت کے منصب تک پہنچانے والے آرمی اور پولیس کے افسران جو اس آپریشن کے دوران قتل کیے گئے ان کو کیا کہا جائے گا؟ اگر وہ افسران بھی شہید ہیں تو پھر ایم کیو ایم کے لوگ کیسے شہید ہیں؟

zia-zulfiqar

نواب اکبر بگٹی کو آج پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور طبقہ فکر شہید کہتا ہے۔ جب کہ وہ بھی پاکستان آرمی کے ہاتھوں مارے گئے ہیں۔ اب ذرا سوچ کر بتایئے کہ اگر نواب اکبر بگٹی شہید ہیں تو پھر کوئٹہ میں آئے روز قتل ہونے والے فوج اور لیویز کے اہلکار وں کے قتل پر ان کو کیا کہا جائے گا؟  ذوالفقار علی بھٹو کو بھی شہید کہا اور سمجھا جاتا ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر ذوالفقار علی بھٹو شہید ہیں تو پھر ضیاء الحق صاحب کو کیا کہا جائے؟ سوالات بہت تلخ ہیں اور مجھے ایک سو ایک فیصد یقین ہے کہ اس کے جواب میں سوائے جماعت اسلامی پر تنقید اور ادھر اُدھر کی باتوں کے کوئی معقول تبصرہ نہیں آئے گا۔لیکن بقول شاعر
ہم پہ الزام تو ویسے بھی ہے ایسے ہی سہی
نام بدنام تو ویسے بھی ایسے ہی سہی

 

جماعت اسلامی نے وطن پر آنے والی ہر مشکل کے وقت پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر وطن کا دفاع کیا ہے۔ بنگلہ دیش میں بیس ہزار شہادتیں اس بات کا ثبوت ہیں اور بنگلہ دیش میں پاکستان اور پاک فوج کا ساتھ دینے کی سزا جماعت اسلامی کے ارکان و کارکنان آج تک بھگت رہے ہیں، آج بھی وہاں کی عدالتوں میں ان پر پاک فوج کا ساتھ دینے کے مقدمات بنائے جارہے ہیں اور ان کو سزائے موت سنائی جارہی ہے۔
آزاد کشمیر میں پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی اور جمعیت کے کارکنان بھی شہید ہوتے آئے ہیں اور جماعت نے کبھی بھی اس کا کوئی صلہ نہیں مانگا۔ جماعت اسلامی پر تنقید کرنے والے ذرا اپنے گریبان میں تو جھانکیں اور یہ بتائیں کہ خود انہوں نے پاک وطن اور پاک فوج کا کس قدر ساتھ دیا ہے؟

 

منور حسن صاحب نے ایک سیدھا سا سوال اٹھایا تھا کہ ’’ امریکی فوجی مرے تو وہ جہنم واصل ہوجائے اور جو اس کا ساتھ دے اس کو میں کیا کہوں ؟ یہاں میرے سامنے بھی ایک سوالیہ نشان کھڑا ہوجاتا ہے۔‘‘ یہ بات انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہی تھی۔ اس میں کہیں بھی یہ نہیں کہا گیا ہے کہ فوج کا جوان شہید نہیں ہے یا انہوں نے کوئی فیصلہ سنا دیا۔ دراصل یہ تو ہر صاحب فکر کے سوچنے کی بات ہے۔

فیس بک تبصرے

منور حسن صاحب کا سوال“ پر 2 تبصرے

  1. مولانا مودودی کی تفہیم القران میں سورۃ انّسا کی آیت ۹۳ کا ترجمہ کچھ یوں ہے۔

    “جو کسی مومن کو جان بوجھ کر قتل کرے تو اُس کی جزا جہنّم ہے جس میں وہ ہمیشہ رہےگا اس پر اللہ کا غضب اور اس کی لعنت ہے اور اللہ نے اس کے لئے سخت عذاب مہیّا کر رکھا ہے”۔

    طالبان نے اپنی جدوجہد امریکہ کے خلاف شروع کر رکھی ہے۔ آج تک کتنے امریکی ان کا نشانہ بنےاور کتنے مسلمان؟ فوج اور پولیس کے خلاف ان کی کارروائیوں کو اگر چھوڑ بھی دیں توکیاابھی حال ہی میں کراچی میں انچولی میں ہوا دھماکہ جان بوجھ کرقتل کے زمرے میں نہیں آتا جس کی ذمہ داری [اعتراف جرم]طالبان قبول کر چکے ہیں؟ جو لوگ مارے گئے ان کا آخر کیا قصور تھا؟ کیا یہ لوگ امریکہ کے ساتھ ملکر طالبان سے لڑ رہے ہیں؟کیا پنڈی کا مدرسہ ان خاص لوگوں نے جلایا تھا؟

    ایسی کتنی ہی کارروایئاں سویلین کے خلاف یہ کر چکے ہیں؟ بچیوں کے اسکول تباہ کر چکے ہیں۔معاشرے میں جہالت پھیلانا چاہتے ہیں ۔کیا یہ ریاست کے مجرم نہیں؟

    صر ف مذمت یا شدید مذمت کافی ہے؟ کیا اسلامی قوانین قصاص کے تحت ان کو سزا نہ دی جائے؟ کیا ریاست کا فرض نہیں کہ یا تو انہیں گرفتار کر کے عدالت کے ذریعے سزا دلوائ جاے اور مزاحمت کرنے پر ان سے مقابلہ کیا جاےَ؟

    ایسے پولیس یا فوج کے سپاہی جوریاست کی طرف سے ان قاتلوں سے لڑتے ہوئے ہلاک ہوں انہیں کیا کہا جانا چاہئے؟ یا پھر ریاست کو چاہیئے کہ ان کے کئے ہوئے قتل معاف کرتی جائے؟

    اگرایک قاتل کو دوسرا قاتل ہلاک کرے تو کیا پہلے والا قاتل شہید بن جاتا ہے؟ اس کے کیے ہوئے قتل معاف ہو جایئں گے ؟

    اصل میں ہم امریکہ کی نفرت میں اتنی شدت سے گرفتار ہیں کہ عدل کا دامن چھوڑ بیٹھے ہیں۔
    امریکہ کی طالبان کے خلاف جنگ اور ریاست کی اپنے شہریوں کے قاتلوں کے خلاف جنگ کو ایک ہی نظر سے دیکھ رہے ہیں- واللہ اعلم بالصواب۔

  2. معافی چاہتا ہوں۔میرا جواب مکمل نہ ہو سکا تھا-میری رائے میں منور صاحب کے سیدھے سادھے سوال کا سیدحا سادا جواب یہ ہے کہ اوّل تو اس کا فیصلہ کرنے والی ذات صرف اللہ ہی کی ہے، دوسرے ہمارے علم اورعقیدہ کے مطابق تمام اعمال کا دارومدار نیت پر ہے۔اگر لڑنے والا امریکہ کی مدد کی نیت سے لڑ رہا ہے تو امریکیوں کے ساتھ اٹھے گا اور اگر ریاست کے شہریوں کے قاتلوں کے خلاف لڑ رہا ہے توغازی یا شہید

Leave a Reply