14 اگست یوم آزادیِ پاکستان

پاکستان مثل مدینہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے مسلمانان برصغیر کو عطیہ ہے جس کی جتنی بھی قدر کی جائے کم ہے مدینہ النبی ؐ مسلمانوں کے لئے آگے بڑھنے کی بنیاد تھی تو موجودہ پاکستان مثل مدینہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس تسلسل کو آگے بڑھانے کا ذریعہ بنے گا انشا اللہ۔ پاکستان کچھ آسانی سے نہیں بن گیا تھا اس کے لئے مسلسل جدوجہد کی گئی تھی اللہ تعالیٰ نے حضرت قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے ہاتھوں سے اس کی بنیاد رکھی اور اس کو ہمیشہ کے لئے اپنی رحمت کے سائے میں لے لیا یہ کوئی خوش گمانی نہیں ہے بلکہ حقیقت ہے. ہندوئوں کی آبادی کے طوفان سے، متحدہ قومیت کے فریب سے، اپنوں کی مخالفت سے جمہوری طریقے اپناتے ہوئے پاکستان کی کشتی کو طوفانوں سے نکال کر کنارے پہچانا صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی مدد اور حضرت قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی ذہانت مسلسل جدوجہد اور اخلاص کی وجہ سے ہوا. اللہ تعالیٰ نے پاکستان کا تحفہ مسلمانان برصغیر کو عطا کیا اس کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے شاعر نے اسی سلسلے میں کہا تھا اورکیا خوب کہا ہی:
ہم لائے ہیں طوفان سے کشتی نکال کے
اس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے
ہمار ے آباو اجداد نے اپنے بزرگوں کی قبروں کو چھوڑا، ہزاروں سالوں سے جن علاقوں میں رہ رہے تھے اُن علاقوں کو چھوڑا اور پاکستان کی مہم میں حصہ لیا. پورا ہندوستان ان نعروں سے گونج رہا تھا۔’’بن کے رہے گاپاکستان‘‘…..’’لے کے رہیں گے پاکستان‘‘…..’’ پاکستان کامطلب کیا ‘‘لا الہ الا اللہ‘‘
ان لوگوں کے دلوں کے اندر مثل مدینہ ایک ریاست تھی جہاں اسلام کا بول بالا ہو نا تھا، کیوں نہ ہو پاکستان بنانے والے محترم قائد ؒ کا یہ وعدہ تھا جب پاکستان وجود میں آ جائے گا تو اس میں قرآن اور حدیث کی روشنی میں ایک اسلامی فلاحی ریاست قائم کی جائے گی اس لیے ۴۲ لاکھ انسانی جانوں کا نذرانہ مسلمانان ہند نے پیش کیا تھا۔عزت مآب خواتین کی آبرو ریزی کی گئی۔ معصوم بچوں کو نیزوں کی نوک پر اُچھالا گیا، املاک کا نقصان برداشت کیا گیا، دنیا کی سب سے بڑی ہجرت ہوئی، ان گنت واقعات ہیں کیا کیا بیان کیا جائے۔

پورے ہند کے صوبوں کی مختلف تہذیب، تمدن، ثقافت اپنی اپنی انفرادیت قائم رکھتے ہوے ایک اسلام کی تہذیب، تمدن، ثقافت میں تبدیل ہوگئی۔ مختلف قومیتوں نے ایک ملت رسولِ ہاشمی ؐ کا روپ دھارلیا، ایک زبان اردواختیار کرلی۔ اس موقعہ پر شاعر اسلام اقبالؒ کا شعر یاد آرہا ہے۔
اپنی ملت پہ قیاس اقوام مغرب سے نہ کر
خاص ہے ترکیب میں قوم رسولِ ہاشمیؐ
پورے ہندوستان کی مسلم قومیں ملت رسولِ ہاشمی ؐ کی شکل اختیار کر گئیں۔ اسی جذبے سے مختلف زبانوں نے ایک زبان اردو کو اپنی زبان بنالیا، گورے اور کالے ایک ہوگے جیسے رسول ؐ نے خطبہ حجتہ الوداع میں فرمایا تھا اور پاکستان ایک مثل مدینہ کی شکل میں مسلمانان ہند کے دلوں کے اندر سماگیا تھا۔ انہیں مدینہ کی اسلامی ریاست، جو رسول ؐ نے اللہ کے حکم سے قائم کی تھی وہ اور خلافت راشدہ کا نظام، جس کوخلفاء راشدین نے کامیابی سے چلا کر دنیا کو دکھایا تھا یاد آگئے۔ دلوں کے اندر ایک جذبہ تھا جس نے پاکستان کے خواب کو حقیقت کے روپ میں ڈھال دیا۔ہمارا رب، ہم سے خوش ہوا اور ایک ریاست پاکستان مسلمانوں کو اللہ کی طرف سے تحفہ کی صورت میں مل گئی۔ علامہ اقبال ؒ کا خواب اورقائد اعظم ؒکا قول، کہ پاکستان اُس وقت وجود میں آگیا تھا جب ہندوستان کا پہلا شخص مسلمان ہوا تھا، پورا ہوگیا۔

پاکستانیوں جب سے پاکستان بنا ہے مصیبتوں میں گھرا ہوا ہے یہ اللہ کا کرم اور غیبی مدد نہیں تواور کیا ہے کہ اس نے پاکستان کو قائم رکھا ہوا ہے اور اللہ کے حکم سے ابد تک قائم رہے گا بس ہم سب اپنا اپنا حصہ اس کی ترقی اور بقاء کے لئے لگا دیں پاکستانیوں آپ کی نگاہ اس طرف کم گئی ہے دنیا کی تاریخ میں اتنی قلیل مدت میں یہ وہ پاکستان ہے جس نے 63 سال کی عمر میں 8 جنگیں لڑیں تقسیم کے وقت1948 کشمیر کی جنگ، 1965 میں ہندستان کی مسلط کردہ جنگ، 1971 میں ہندوستان کی مسلط کردہ جنگ، 1999 میں کارگل کی جنگ، دنیا کی سپر پاور روس سے افغانستان میں جنگ، دنیاکی سب سے بڑی 50 لاکھ مہاجرت کو اپنے ملک میں پناہ دی. موجودہ دوسری سپر پاور امریکہ سے جنگ اس کے باوجود پاکستانیوں پاکستان زندہ بلکہ ایٹمی قوت بھی ہے. یہ وہ پاکستان ہے جس کے خلاف اسرائیل، انڈیا اور امریکہ نے اتحاد کرلیا ہے لیکن اس وقت تک اللہ کے حکم سے ناکام ہیں یہ وہ پاکستان ہے جس نے عرب اسرائیل جنگ میں اسرائیل کے چھ ایف سولہ جہاز گرائے تھے جب کہ سارا عرب اسرائیل کے آگے گھٹنے ٹیک چکا تھا. یہ وہ پاکستان ہے جس نے سری لنکا کی 60000 آرمی کو انڈیا کے تربیت یافتہ تامل ٹاگر کے خلاف تربیت و مدد فراہم کی۔ الحمداللہ شکر الحمد اللہ اس لئے پاکستانیوں پاکستان پر فخر کرو اور مایوسی پھیلانے والوں کو برجستہ جواب دو اور ایسے بے ہمتے لوگوں کو ہمت دلائو، اس لئے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں پاکستان خدانخواستہ نہیں ہے تو ہم نہیں ہیں۔ ہمارا وطن پاکستان۔۔۔ ہماری پہچان پاکستان!!!

فیس بک تبصرے

14 اگست یوم آزادیِ پاکستان“ پر 2 تبصرے

  1. جشن آزادی کی مبارک باد قبول کیجئے…..

Leave a Reply